بنگلورو،4؍اکتوبر(ایس او نیوز) شہر کے کے آر مارکیٹ کی طرز پر تین اور مقامات پر بڑے مارکیٹ تعمیر کئے جائیں گے۔ یہ اعلان آج نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کیا۔ آج سویرے شہر کی میئر گنگامیبکے ، ڈپٹی میئر رمیلا ، حکمران پارٹی لیڈر ایم شیوراج ، پولیس کمشنر سنیل کمار اور بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد کے ہمراہ سٹی مارکیٹ کا معائنہ کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نائب وزیراعلیٰ نے کہاکہ میسور روڈ، ٹمکور روڈ اور ہسور روڈ پر ان بڑے بازاروں کی تعمیر کے لئے ضروری قدم اٹھائے جائیں گے۔ سٹی مارکیٹ میں پاکی صفائی اور دیکھ بھال کے ناقص انتظام پر سخت برہمی ظاہر کرتے ہوئے نائب وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ جانتے ہوئے بھی کہ نائب وزیراعلیٰ اور میئر اس علاقے کا دورہ کرنے والے ہیں۔اس کے باوجود یہاں پر صفائی کا کوئی انتظام نہیں کیاگیا۔ سٹی مارکیٹ میں متعدد تاجروں کی طرف سے دکانوں کا کرایہ ادا نہ کئے جانے پر ڈاکٹر پرمیشور نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا،اور ان پر سخت کارروائی کرنے افسروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہاکہ سٹی مارکیٹ میں جو بھی جگہ خالی ہو اسے پارکنگ یا دیگر مقاصد کے لئے استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ بدحالی کا شکار سٹی مارکیٹ کو سدھار کر یہاں کی سہولتیں بہتر بنانے حکومت کی طرف سے جو بھی تعاون ہو دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی بی ایم پی افسر سٹی مارکیٹ میں تجارت کرنے والے تاجروں کی طرف سے کرایہ ادا نہ کئے جانے کے متعلق تمام تفصیلات انہیں روانہ کریں۔ اگر ان لوگوں نے فوری طور پر کرایہ ادا نہیں کیا تو کیا کارروائی کرنی ہے اس کے بارے میں غور کیا جائے گا۔ سٹی مارکیٹ کے ڈپٹی کمشنر منی لکشمی جو اس وقت موجود تھے ان سے نائب وزیر اعلیٰ نے جب تفصیلات طلب کیں تو وہ تفصیلات دینے کی بجائے بہانے بازی کرنے لگے ، تو اس وقت نائب وزیراعلیٰ نے افسر کو آ ڑے ہاتھوں لیا اور کہاکہ مارکیٹ کی دکانوں کے تعلق سے اگر ذمہ دار افسر کو کوئی جانکاری نہیں ہے تو ایسے افسر کو یہ ذمہ داری سونپنا فضول ہے۔ نائب وزیراعلیٰ نے وہاں موجود بی بی ایم پی کمشنر کو ہدایت دی کہ منی لکشمی کو فوراً ملازمت سے معطل کیا جائے۔ سٹی مارکیٹ کے تاجروں کو میٹر سود پر قرضے دے کر چند شرپسندوں کی طرف سے ہراساں کئے جانے کی شکایت پر ڈاکٹر پرمیشور نے پولیس کمشنر سنیل کمار سے کہاکہ فوری طور پر اس معاملے کی طرف توجہ دیں اور سٹی مارکیٹ اور آس پاس کے علاقوں میں میٹر سود کے کاروبار پر سختی سے روک لگائیں۔ سٹی مارکیٹ میں جابجا گندگی کے ڈھیر دیکھ کر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نائب وزیرعلیٰ نے اس کے لئے ذمہ دار افسروں کو آڑے ہاتھوں لیا اور متنبہ کیا کہ یہی صورتحال اگر برقرار رہی تو اس کے لئے ذمہ دار افسروں کو معطل کردیا جائے گا۔